کوٹ ادو،فائرنگ، تشدد ،دکان پر حملے کے پانچ واقعات
رقبہ تنازع پر زمیندار زخمی، سابق بیوی پر تشدد اور گھر سے نکالنے کا الزام
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)کوٹ ادو اور گردونواح میں فائرنگ، خواتین پر تشدد، شہریوں سے مارپیٹ اور دکان پر حملے کے پانچ مختلف واقعات پیش آئے ۔ پولیس نے تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کر دی ہے ۔پہلے واقعے میں تھانہ سنانواں کے علاقے موضع پتی غلام علی غربی میں رقبے کے ٹھیکے کے تنازع پر مبینہ فائرنگ سے زمیندار اعجاز حسین دائیں ٹانگ پر زخمی ہوگیا۔ مدعی کے مطابق عبدالرحمن، محبوب الٰہی اور اورنگزیب مسلح ہوکر موقع پر پہنچے ، جہاں عبدالرحمن نے مبینہ طور پر فائرنگ کی۔دوسرے واقعے میں تھانہ محمود کوٹ کے علاقے موضع بانس میں عائشہ بی بی کو سابق شوہر شہزاد نے مبینہ طور پر سوٹے کے وار سے زخمی کردیا۔ ایف آئی آر کے مطابق گھریلو تنازع پر جھگڑا ہوا تھا۔تیسرے واقعے میں تھانہ سٹی سرور شہید کے علاقے چک نمبر 567 ٹی ڈی اے میں افشاں کلثوم نے سابق شوہر محمد ظفر اور محمد جمیل پر تشدد، گھر میں داخل ہونے اور اسے گھر سے نکالنے کا الزام عائد کیا۔چوتھے واقعے میں تھانہ محمود کوٹ کے علاقے موضع عیسن والا میں ہوائی فائرنگ، شہری کو روک کر تشدد کرنے اور موبائل فون توڑنے کے الزامات سامنے آئے ۔پانچویں واقعے میں تھانہ کوٹ ادو کے علاقے موضع پرہاڑ شرقی میں کریانہ دکان پر حملے اور ہوائی فائرنگ کی اطلاع ملی۔ مدعی محمد عمران نے متعدد افراد پر تشدد اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام لگایا۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments