چناب نگر: سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ،شہری پریشان
چناب نگر: سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ،شہری پریشان شہری مہنگے داموں ہوٹلوں سے روٹیاں اور سالن خریدنے پر مجبور ،خواتین کو مشکلات
چناب نگر (نامہ نگار )شہر اور گردونواح میں سوئی گیس کی مسلسل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ گیس کی بندش کا دورانیہ 14 گھنٹے سے تجاوز کر گیا، جبکہ متعدد علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ شہری مہنگے داموں ہوٹلوں سے روٹیاں اور سالن خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ ایل پی جی بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہے ۔سوئی گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ۔ گیس کی طویل بندش اور کم پریشر کے باعث گھریلو امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ گھریلو خواتین کو کھانا تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ، جس کے باعث شہریوں کے اخراجات میں اضافہ اور گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث انہیں بازار سے کھانا خریدنا پڑتا ہے ۔ ان کے مطابق بعض ہوٹل مالکان مبینہ طور پر مہنگے دام وصول کر رہے ہیں اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کے استعمال کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ دوسری جانب ایل پی جی فروخت کرنے والوں کی جانب سے بھی مبینہ طور پر من مانے نرخ وصول کیے جا رہے ہیں۔شہریوں نے وزیراعظم پاکستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے ، پریشر کی کمی دور کرنے اور ایل پی جی کے نرخوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments