سینٹی ٹیشن فیس وصولی کیلئے گھریلو اور کمرشل صارفین کو نوٹس
ماہانہ کے بجائے 6ماہ کا ٹیکس یکمشت لیاجائیگا،پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ ہی جمع ہو گا
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہری علاقوں کیلئے سینی ٹیشن فیس وصولی کیلئے رہائشیوں اور کاروباری مراکز کو چالان جاری۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ صفائی فیس کے چالان جاری کئے گئے ہیں۔صارفین سے ماہانہ کے بجائے 6 ماہ کا ٹیکس یکمشت لیاجائے گا۔گھریلو اور کمرشل صارفین کیلئے ماہانہ فیس کا نظام علیحدہ مقرر کیا گیا ہے ۔ گھریلو صارفین کیلئے ماہانہ ریٹس5 مرلے تک کا مکان 300 روپے، 5 سے 10 مرلے کا مکان 500 روپے ، 10 سے 20 مرلے کا مکان 1000روپے ،20 سے 40 مرلے کا مکان 2ہزارروپے ، 40 مرلے (2 کنال)سے زائد کا مکان 5 ہزار روپے صفائی ٹیکس ہے ۔کاروباری مراکز کیلئے ماہانہ ریٹس چھوٹے کاروبار 500 روپے ،درمیانے کاروبار کے مالک 1000روپے اوربڑے کاروبار والے کو ماہانہ 3 ہزارروپے ٹیکس لگایا گیا ہے جو 6ماہ کا اکٹھا جمع کرائیں گے جبکہ ایسی ہاؤسنگ سوسائٹیز جہاں صفائی کا اپنا نظام ہے اور کوڑا اکٹھا کیا جاتا ہے وہ صفائی ٹیکس سے مستثنی ہیں۔گوجرانوالہ ریجن میں ایکسائز کے ریکارڈ میں 4لاکھ 91ہزار یونٹس ہیں جس میں 2لاکھ 87ہزار رہائشی اور2لاکھ 3ہزار کمرشل یونٹس ہیں جن کو صفائی ٹیکس کے نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں،پراپرٹی ٹیکس جمع کرواتے وقت صفائی ٹیکس بھی ساتھ ہی جمع ہو جائے گا۔ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ثوبیہ مالک کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں سال میں دو دفعہ صفائی فیس وصول کی جائے گی بعد ازاں صفائی فیس سالانہ وصول کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments