ملتان وہاڑی روڈمنصوبہ جلد مکمل کرنے کا ٹاسک

 ملتان وہاڑی روڈمنصوبہ جلد مکمل کرنے کا ٹاسک

سڑک کو مقررہ میعاد میں مکمل کرنے ،بیوٹیفکیشن پلان پر ہر صورت عمل کے احکامات، مرکزی میڈین توڑنے ،غیر قانونی کٹ لگانے والوں کیخلاف مقدمات کے اندراج کی ہدایتشاہراہ پر ماحول دوست شجر کاری ،تعمیر شدہ سڑک کے معیار، حفاظت ، خوبصورتی برقرار رکھنے کیلئے فول پروف اقدامات کئے جائیں ، کمشنر عامر کریم کی زیر صدارت جائزہ اجلاس

ملتا ن(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان وہاڑی روڈ منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے ، مرکزی میڈین کو غیر قانونی طور پر توڑنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ ملتان وہاڑی روڈ پر مرکزی میڈین توڑنے اور غیر قانونی کٹ لگانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے مرکزی میڈین کو دوبارہ نقصان پہنچانے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ملتان میں سات مقامات پر غیر قانونی میڈین کٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔

کمشنر نے محکمہ ہائی ویز کو ان واقعات کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرنے اور درج شدہ ایف آئی آرز کی نقول متعلقہ حکام کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ملتان وہاڑی روڈ پر ماحول دوست شجرکاری کے عمل کو جاری رکھنے ، تعمیر شدہ سڑک کے معیار، حفاظت اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور ڈرین پر غیر منظور شدہ ڈھلوانی راستوں کی نشاندہی کرکے قواعد کے مطابق کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ عامر کریم خاں کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ سکروٹنی کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں زمینوں پر قبضوں سے متعلق ٹربیونلز کی جانب سے بھجوائی گئی درخواستوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں ٹربیونلز کی جانب سے مجموعی طور پر 1100 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 795 درخواستوں پر کارروائی مکمل کرکے رپورٹس ٹربیونلز کو بھجوا دی گئی ہیں، جبکہ 305 درخواستیں زیرِ التوا ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...