طلبہ کے ب فارم نمبرز کا اندراج دس روز میں مکمل کرنیکا حکم

 طلبہ کے ب فارم نمبرز کا اندراج دس روز میں مکمل کرنیکا حکم

غلط اندج پر پرنسپل ذمہ دار، ب فارم نہ ہونے پر بچہ داخلے سے محروم نہیں ہوگا

ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سکول انفارمیشن سسٹم (ایس آئی ایس)میں طلبہ کے ب فارم نمبرز کے اندراج اور ریکارڈ کی درستگی کے لئے صوبے بھر کے تعلیمی حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تمام متعلقہ سکولوں کو دس روز میں طلبہ کا ڈیٹا مکمل اور درست کرنے کا حکم دیا گیا ہے ، جبکہ واضح کیا گیا ہے کہ ب فارم نہ ہونے پر کسی بچے کو داخلے سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ونگ کی جانب سے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسران کو جاری مراسلے میں سکول انفارمیشن سسٹم کے ڈیٹا میں موجود خامیاں دور کرنے اور طلبہ کے شناختی ریکارڈ کی درستگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق سکول سربراہان اور پرنسپلز ایسے طلبہ کے ب فارم نمبرز فوری طور پر سسٹم میں درج کریں جن کے ب فارم بن چکے ہیں، تاہم ان کا اندراج تاحال نہیں ہوا۔ تمام کوائف کی درستگی اور تکمیل کی ذمہ داری متعلقہ پرنسپلز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسروں اور چیف ایگزیکٹو افسروں پر عائد ہوگی۔محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ ب فارم نمبرز کا نادرا کے ریکارڈ سے تقابل کرکے تصدیق کی جائے تاکہ غلطیوں اور تضادات کا خاتمہ ہو سکے ۔ غلط اندراج کے نتیجے میں نادرا کو ادا کئے جانے والے جرمانے یا فیس کی ذمہ داری متعلقہ سکول ہیڈ یا پرنسپل پر عائد ہوگی۔جن طلبہ کے ب فارم تاحال نہیں بنے ، ان کے والد کا قومی شناختی کارڈ نمبر سکول انفارمیشن سسٹم میں درج کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم نے تمام چیف ایگزیکٹو افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ مدت میں عمل درآمد یقینی بنائیں، تاہم کسی بچے کا داخلہ ب فارم نہ ہونے کی وجہ سے نہیں روکا جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...