سڑکوں پر ملبہ پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم

سڑکوں پر ملبہ پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم

ڈپٹی کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ،لدھیوالہ اور حافظ آباد روڈ پر صفائی ، تجاوزات اور سیوریج مسائل کا جائزہ ،قلعہ دیدار سنگھ میں سکول اورمرکز صحت بھی گئے

گوجرانوالہ،قلعہ دیدار سنگھ (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے گڈ گورننس انیشیٹیوز کے تحت کوٹلی پیر احمد شاہ، عالم چوک، حافظ آباد روڈ، کوٹ اسحاق، لدھیوالہ وڑائچ، عبداللہ پور، حافظ آباد روڈ، گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 2، قلعہ دیدار سنگھ بازاروں، دیہی مرکز صحت قلعہ دیدار سنگھ کا اچانک دورہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے کوٹلی پیر شاہ احمدکے دورہ کے موقع پر سیوریج نالے کا جائزہ لیا، نالے کی ٹوٹ پھوٹ کا شکار حفاظتی سلیب کی فوری تنصیب و مرمت کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع سے بچاؤ کیلئے ایسے تمام نالوں کا فوری سروے کیا جائے اور درکار اقدامات اُٹھائے جائیں ۔ انہوں نے حافظ آباد روڈ، کوٹ اسحاق اور ملحقہ آبادیوں کے دورہ کے دوران صفائی ستھرائی کی صورتحال اور جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے لدھیوالہ وڑائچ اور عبداللہ پور حافظ آباد روڈ کے دورہ کے موقع پر صفائی ستھرائی، تجاوزات اور سیوریج کے مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو فوری بہتر بنانے ، تمام چھوٹے بڑے کوڑا پوائنٹس کلیئر کرنے اور نالیوں کی ڈیسلٹنگ کے احکامات جاری کئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے روڈ پر ملبہ پھینکنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کے احکامات بھی جاری کئے ۔ڈپٹی کمشنر نے قلعہ دیدار سنگھ میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب، تجاوزات اور اشیا خور ونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی معائنہ کیا اور صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گھروں سے کوڑا کرکٹ کی کلیکشن اور کھلے پلاٹوں میں کچرے کے ڈھیروں کو فوری صاف کرنے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے ۔

گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 2 قلعہ دیدار سنگھ کا دورہ کیا، مختلف کلاس رومز میں طلبا و طالبات سے گفتگو کی اور ان سے تعلیمی سہولیات بارے استفسار کیا۔ بعدازاں دیہی مرکز صحت قلعہ دیدار سنگھ کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز و طبی عملہ کی حاضری چیک کی۔، انہوں نے ادویات کے سٹاک، علاج معالجے کی سہولیات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں