سمبڑیال:چھٹیوں کے با وجود بعض نجی سکول کھلے رہے
حاضری محدود اوقات کیلئے رکھی گئی:سکول انتظامیہ ،والدین کا اظہار تشویش
سمبڑیال (سٹی رپورٹر )سمبڑیال شہر اور گردونواح میں موسمِ سرما کی چھٹیوں کے باوجود بعض نجی سکولوں میں درس وتدریس جاری رہی، والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ ذرائع کے مطابق سمبڑیال شہر اور مضافات کے بعض نجی سکولوں نے مبینہ طور پر بچوں کو صبح 9:30 سے دوپہر 1:30 اور بعض سکولوں میں 2 بجے تک حاضری کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں حالانکہ موسم سرما کی چھٹیاں نافذ العمل ہیں۔والدین کا کہنا ہے کہ شدید سردی کے موسم میں بچوں کو سکول بلانا ان کی صحت کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے ، جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری چھٹیوں کے نوٹیفکیشن کی بھی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ۔شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ تعلیم اور مقامی انتظامیہ فوری طور پر نوٹس لے اور سرکاری احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ بچوں کو غیر ضروری حاضری کے دباؤ سے بچایا جا سکے ۔دوسری جانب سکول انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ حاضری محدود اوقات کیلئے رکھی گئی ہے تاہم والدین کا کہنا ہے کہ چھٹیوں کے دوران سکول بلانا کسی صورت مناسب نہیں۔