سمبڑیال:ہالوں میں ون ڈش کی خلاف ورزی ، انتظامیہ خاموش
ہال مالکان مبینہ طور پر اضافی چارجز وصول کر کے قانون کی دھجیاں اڑانے لگے
سمبڑیال(نامہ نگار )تحصیل سمبڑیال کے میرج ہالوں میں ون ڈش کی کھلم کھلا خلاف ورزی، انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی ، تحصیل سمبڑیال میں شادی ہالوں اور مارکیز میں ون ڈش پالیسی کی خلاف ورزیاں دھڑلے سے جاری ہیں، ایک ڈش کے بجائے مہمانوں کو 5 سے 6 ڈشز پیش کی جا رہی ہیں جبکہ ہال مالکان مبینہ طور پر اضافی چارجز وصول کر کے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی خاموشی اور افسر وں کی غیر موجودگی کی وجہ سے ہال مالکان بے خوف ہو گئے ہیں، ان کا مزید کہنا ہے کہ ون ڈش کی خلاف ورزی کے باعث غریب طبقے پر شادیوں کے اخراجات کا بوجھ بڑھ رہا ہے ، انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ، واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں ون ڈش پر سختی سے عملدرآمد کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ دیگر شہروں میں کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں مگر سمبڑیال میں اب تک کوئی ایکشن نظر نہیں آیا۔