لدھیوالہ وڑائچ : پراپرٹی ڈیلر بجلی چوری کے الزام میں گرفتار
حسنین سٹی کا رہائشی ملک اعجاز کئی ماہ سے کنڈے لگا کر بجلی استعمال کررہاتھا
لدھیوالہ وڑائچ (نامہ نگار) گیپکو کی سرکل سرویلنس ٹیم نے حسنین سٹی میں ایک پراپرٹی ڈیلر کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔بتایا گیا ہے کہ حسنین سٹی کا رہائشی ملک اعجاز پراپرٹی ڈیلر گیپکو کا ایک لاکھ اکیس ہزار روپے کا بل جمع نہ کروانے پر کنکشن منقطع ہونے کے بعد کئی ماہ تک واپڈا کی مین لائن سے کنڈے لگا کر بجلی استعمال کر رہا تھا۔گزشتہ روز سرکل سرویلنس ممبر منور حسین اور لائن مین محمد ارشد نے چھاپہ مار کر ملک اعجاز کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا اور مین لائن سے لگائے گئے کنڈے اتار کر وائر قبضے میں لے لیے ۔ ایس ڈی او لدھیوالہ سب ڈویژن بلاول عباس وڑائچ کی درخواست پر تھانہ لدھیوالہ پولیس نے ملک اعجاز کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج کر لیا ہے ۔