بسنت پر مکمل پابندی، خلاف ورزی پر سزائیں:آرپی او

 بسنت پر مکمل پابندی، خلاف ورزی پر سزائیں:آرپی او

گوجرانوالہ،نوشہرہ ورکاں (کرائم رپورٹر، تحصیل رپورٹر،نمائندہ دنیا)آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ کا کہناہے کہ گوجرانوالہ ریجن میں بسنت پر مکمل پابندی ہے خلاف ورزی پر سخت سزائیں ہوں گی ۔

انہوں نے کہا لاہور کے چند مخصوص علاقوں میں زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے بسنت منائی جا رہی ہے تاہم گوجرانوالہ میں بسنت کے حوالے سے کوئی پیغام یا غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے ۔ پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت پتنگ بازی پر 3 سے 5 سال قید اور 20 لاکھ تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے ۔ شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر سی ٹی او گوجرانوالہ کے ہمراہ آگاہی مہم شروع کی جا رہی ہے ، جس میں سیفٹی وائر کے استعمال کی ترغیب دی جا رہی ہے ۔ آر پی او خرم شہزادوڑائچ نے میونسپل آفس نوشہرہ ورکاں میں کھلی کچہری لگائی ، فرائض میں غفلت پر انسپکٹر عدنان شہزاد کو معطل کردیا۔ اس موقع پر سائلین کے مسائل سن کر موقع پر حل کے احکامات جاری کیے ۔ چند ماہ قبل چاند کالونی میں گھر کی دہلیز پر قتل ہونے والے نوبیاہتا دلہا کے کیس پر پیشرفت نہ ہونے پر آر پی او نے انسپکٹر عدنان شہزاد کو غفلت برتنے پر معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے سخت سرزنش کی۔ زیر التوا مقدمات کے مدعیان کی شکایات سن کر آر پی او گوجرانوالہ نے موقع پر داد رسی کی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں