عوام دشمن بلدیاتی قانون واپس لیا جائے :ڈاکٹر طارق

 عوام دشمن بلدیاتی قانون واپس لیا جائے :ڈاکٹر طارق

گجرات(سٹی رپورٹر، نامہ نگار )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے بلدیاتی ایکٹ کے خلاف جہلم، راولپنڈی میں لگائے گئے عوامی ریفرنڈم پولنگ کیمپس کاخصوصی دورہ کیا ۔

عوامی ریفرنڈم کیمپس دورے کے موقع پرشرکاسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب میں بلدیاتی قانون کے خلاف عوامی ریفرنڈم میں عوام کی بڑی تعداد اپنی رائے کااظہارکررہی ہے جماعت اسلامی کے کارکن عوامی ریفرنڈم کے آخری روز گھرگھر،بس اڈوں، ریلو ے سٹیشنز،بازاروں غلہ منڈیوں میں جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ 19جنوری کواضلاع میں گنتی کاعمل شروع ہوگا جبکہ 20جنوری کوصوبہ پنجاب وسطیٰ وشمالی جنوبی کے نتائج موصول ہونگے 21جنوری کو مرکزی امیرحافظ نعیم الرحمن نتائج کااعلان کریں گے ، ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ صوبہ کے عوام 10برس سے نچلی سطح پر حق حکمرانی سے محروم ہیں، بلدیاتی قانون میں باربار تبدیلی کی گئی،جمہوریت اور آئین دشمن بلدیاتی قانون کے خلاف پنجاب میں بڑے پیمانے پر بیداری کی لہر ہے اور موثر بلدیاتی نظام کے مطالبہ کی لہر پورے ملک میں پھیلے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کا عوام دشمن قانون واپس لیا جائے اور صوبہ میں بلدیاتی انتخاب کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے ۔جماعت اسلامی نے شفاف رائے دہی کے لیے تمام اضلاع میں آزاد الیکشن کمیشن تشکیل د ئیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام نے بلدیاتی قانون کو مسترد کیا تو جماعت اسلامی پنجاب اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کرے گی اور کالے قانون کی واپسی تک گھیراؤ جاری رکھا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں