بیرون ملک بھجوانے کیلئے رقوم بٹورنے والے 5افراد گرفتار
ایف آئی اے کی مختلف علاقوں میں کارروائی ، ملزموں کو نشان عبرت بنائینگے :رانا شواز
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)ایف آئی اے سرکل گوجرانوالہ کا انسانی سمگلرز کیخلاف کریک ڈاؤن ، مختلف علاقوں سے 5انسانی سمگلرز کو گرفتار کرلیا ۔لوگوں کو غیر قانونی طریقے سے لاکھوں روپے لیکر بیرون ممالک بھیجنے والے ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا جن میں قمر محمود، محمد یاسر، عاطف، رحمن اور اشرف شامل ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ رانا شواز احمد خاں نے نمائندہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار پانچوں ملزموں نے مختلف علاقے کے لوگوں سے یورپ اور ترکیے بھجوانے کیلئے دو کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کی جس پر مدعی مقدمہ کی درخواست پر ایف آئی اے تفتیشی افسروں نے ویزا فراڈ کی رقم ثابت ہونے پر مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا، ملزموں سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر رانا شواز احمد خاں کا مزید کہنا تھا کہ ویزا کی آڑ میں شہریوں سے رقم بٹورنے والوں کے خلاف ایف آئی اے قانونی کارروائی کرے گی اور ایجنٹوں کو نشان عبرت بنائے گی ۔