محکمہ صحت،میونسپل کمیٹی آمنے سامنے ،کتوں کی تلفی مہم ناکام
حکام کی مسلسل غیر سنجیدگی‘ آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ، شہری پریشان
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار )ڈسکہ اور گرد و نواح میں آوارہ کتوں کی تلفی کس کی ذمہ داری محکمہ صحت اور میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے مابین چپقلس، دونوں محکموں کی ناقص مانیٹرنگ کے باعث آوارہ کتوں کی تلفی مہم صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہوکررہ گئی جس کے باعث علاقہ بھرمیں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے لیکن محکمہ صحت اور میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے حکام آوارہ کتوں کی تلفی مہم میں مسلسل غیر سنجیدگی کامظاہرہ کررہے ہیں۔ محکمہ صحت اور میونسپل کمیٹی ڈسکہ علاقہ بھرمیں گھومنے والے آوارہ کتوں کو تلف کرنے کے بجائے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال رہے ہیں علاقہ بھرمیں مختلف مصروف مقامات کے سرکاری دفاتر میں بھی آوارہ کتے گھومنے لگے ہیں جس کے باعث سرکاری دفاتر میں آنیوالے سائلین اور سرکاری ملازمین خوف و ہراس میں مبتلا رہتے ہیں۔ شہریوں کاکہنا ہے کہ ان کے بچوں کو آوارہ کتوں کے کاٹنے کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں لیکن انتظامی افسر اس طرف متوجہ نہیں ہورہے انہوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔