اسرائیل پورے خطے کو جنگ میں جھو نکنا چاہتا :مجسم زرخیز
عالم اسلام سے اختلافات بھلا کر ایران کی کھل کر حمایت کا اعلان کرے
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )انصاف لائرز فورم کے ضلعی صدر مجسم زرخیز انور خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ امریکہ اسرائیل کا ایران پر حملہ کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے ، اسرائیل دہشت گرد ریاست ہے جو پہلے ہی غزہ میں 70 ہزار سے زائد نہتے فلسطینیوں کو شہید کرچکی اور اب پورے خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کی سازش کررہا ہے ۔ اسرائیل ،امریکہ اور بھارت کے گٹھ جوڑ کے تحت ایران کیخلاف جارحیت کا مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا اور ایران کی قیادت کو کمزور کرنا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انصاف لائرز فورم کے ضلعی صدر نے کہا کہ پورا خطہ تاریخ کے نہایت نازک اور خطرناک مرحلے سے گزر رہا ہے جہاں کسی بھی بڑی جنگ کے اثرات صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہیں گے انہوں نے عالم اسلام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے باہمی اختلافات بھلا کر اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کرے اور ایران کی کھل کر حمایت کا اعلان کرے ۔ پاکستانی قوم مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑی ہے اور اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر امام آیت اﷲ خامنہ ا ی کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیت اﷲ خامنہ ای کی شہادت کے بعدہر مسلمان اسی طرح غمزدہ ہے جس طرح ایران کے شہری غم کی کیفیت سے دوچار ہیں۔