امام مسجد کو نماز پڑھانے پر دھمکیاں ، اہل علاقہ کا احتجاج
مقامی شخص نے ساتھیوں کی مدد سے مسجد میں آکر محمود مصطفی کو زدو کوب کیا اسسٹنٹ کمشنر وزیر آ باد کا نوٹس،امام مسجد کو سکیو رٹی فراہم کر نے کی ہدایت
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسجد میاں صاحب نظام آباد میں امام مسجد سے مبینہ بدتمیزی، اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے ۔ نظام آباد کی معروف مسجد میاں صاحب میں مبینہ طور پر امام مسجد کے ساتھ بدسلوکی اور سنگین نتائج کی دھمکیوں کا واقعہ پیش آیا ہے جس پر اہلِ علاقہ سراپا احتجاج بن گئے ۔ اطلاعات کے مطابق 17 برس سے امامت کے فرائض سرانجام دینے والے محمود مصطفی کو ایک مقامی شخص نے ساتھیوں سمیت گزشتہ روز مسجد میں آ کر مبینہ طور پر بازو سے پکڑ کر کھینچا اور آئندہ نماز پڑھانے پر سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دی۔واقعہ کے بعد نمازیوں اور اہلِ محلہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ شہریوں نے اسے مذہبی تقدس کی پامالی قرار دیتے ہوئے فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ اہل علاقہ نے مقامی پولیس تھانہ صدر کو تحریری درخواست دے کر امام مسجد کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی سرکل وزیرآباد کو تحریری ہدایت کی ہے کہ امام مسجد کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے اور واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عبادت گاہوں کا احترام ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مثالی اقدام کیا جائے تاکہ آئندہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی جرأت نہ ہو۔