ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت نالہ بھیڈ کی صورتحال پر اجلاس

ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت نالہ بھیڈ کی صورتحال پر اجلاس

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے کی کمیٹی برائے نالہ بھیڈ کا اجلاس ہوا جس میں نالہ بھیڈ کی موجودہ صورتحال، ڈی سلٹنگ، توسیع اور الائنمنٹ کے حوالے سے غور کیا گیا۔

نالہ بھیڈ میں نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور آئیں اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نالہ کی باقاعدہ ڈی سلٹنگ، توسیع اور بہتر الائنمنٹ کے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں پانی کے جمع ہونے کے مسائل پر قابو پایا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر نے ہدایت کی کہ نالہ بھیڈ اور اس کے اطراف میں کوڑا کرکٹ پھینکنے پر مکمل پابندی ہے اورخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے ۔ جبکہ ضروری ہونے پر ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے سائنسی اور معیاری (اسٹینڈرڈ) انڈیکیٹرز مرتب کیے جائیں تاکہ صفائی کے عمل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جا سکے ۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں کو واضح ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی اور کارکردگی کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور نالہ بھیڈ کی بہتری سے شہر میں نکاسی آب کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ طے شدہ اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں