لدھیوالہ:انکروچمنٹ عملہ کا ہتک آ میز رویہ ، تاجروں کا احتجاج

لدھیوالہ:انکروچمنٹ عملہ کا ہتک آ میز رویہ ، تاجروں کا احتجاج

لدھیوالہ وڑائچ (نامہ نگار)میونسپل کمیٹی لدھیوالہ کے انکروچمنٹ عملے کے مبینہ ہتک آمیز سلوک اور بدتمیزی پر تاجر پھٹ پڑے ۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ درجہ چہارم کے ملازمین ہمیں انسان ہی نہیں سمجھتے ڈپٹی کمشنر ملازمین کا قبلہ درست کریں ورنہ د کانیں بند کر کے سڑکوں پر احتجاج کریں گے ۔تفصیل کے مطابق عالم چوک سے لدھیوالہ تک حافظ آباد روڈ کے کریانہ سبزی ، فروٹ فروش اورقصابوں نے میونسپل کمیٹی لدھیوالہ کے انکروچمنٹ عملے کی جانب سے روزانہ کی جانے والے بدتمیزی اور ہتک آمیز رویے کے خلاف احتجاج کی کال دے دی۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ میونسپل کمیٹی لدھیوالہ کے درجہ چہارم کے ملازمین سرکاری گاڑی میں بیٹھے ہی بدتمیزی کرتے ہیں اور ان کا رویہ اتنا ہتک آمیز ہوتا ہے کہ وہ ہم تاجروں کو انسان ہی نہیں سمجھتے ۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ اگر تجاوزات کے حوالے سے کوئی کارروائی کرنی ہے تو وہ قانون کے دائرے میں رہ کر مناسب انداز میں کی جا سکتی ہے مگر کسی کو یہ حق نہیں کہ عزت نفس مجروح کرے ۔ تاجروں نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے مطالبہ کیا ہے میونسپل کمیٹی لدھیوالہ کے عملے کو قانون اور اخلاق کے دائرے میں رہ کر فرائض انجام دینے کا پابند بنائیں وگرنہ اگر ملازمین کا تاجروں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ نہ بدلا تو حافظ آباد روڈ کی تمام تاجر برادری شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے سڑکوں پر نکل آئے گی اور احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں