سیالکوٹ:جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 34موبائل فون برآ مد
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ) سیالکوٹ پولیس کے آئی ٹی سیکشن نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایت پر اہم کارروائی کی جس کے دوران مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے کے 34 قیمتی سمارٹ موبائل فونز برآمد کر لئے گئے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ موبائل فونز مختلف علاقوں سے گمشدہ یا چوری ہوئے تھے جن کی ٹریکنگ کے لیے آئی ٹی سیکشن نے جدید سافٹ ویئر اور ڈیجیٹل ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے محنت کی۔ کامیاب کارروائی کے نتیجے میں متعدد شہریوں کے قیمتی موبائل فونز بازیاب کر لیے گئے ۔بعد ازاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے ایک تقریب کے دوران برآمد شدہ موبائل فونز خود مالکان کے حوالے کیے ۔ اس موقع پر شہریوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیالکوٹ پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اس اقدام سے عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے ۔ ڈسٹرکٹ پولیس سیالکوٹ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ، اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کا سراغ لگا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ۔