امریکہ ،اسرائیل ایران پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں:شافع حسین
موجودہ حالات کے پیشِ نظر امت مسلمہ کو اکٹھے مل کر چلنا چاہیے :صوبائی وزیر
گجرات(سٹی رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین نے کہا ہے کہ امریکہ ایران جنگ سے پورے خطے میں نقصان ہورہا ہے جس سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے مہنگائی بڑھ گئی ہے ، امریکہ اور اسرائیل ایران پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کا منصوبہ پورا ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا، ایران میں اگر حکومت تبدیل ہو گئی امریکہ اور یہودی ایران میں آکر بیٹھ گئے تو اگلی باری پاکستان کی ہوگی، پاکستان میں موجودہ حکومت ٹھیک کام کررہی ہے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے اس لئے قومی حکومت کی کوئی ضرورت نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کے موقع پر ظہور پیلس گجرات میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔شافع حسین نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر امت مسلمہ کو اکٹھے مل کر چلنا چاہیے ،جنگ سے سب کا نقصان ہو رہا ہے اس لئے جنگ جلد ختم ہونی چاہیے ،
شافع حسین نے کہا کہ افغانستان سے ہونی والی دہشتگردی کا پاک فوج بھرپور جواب دے رہی ہے ، پاکستانی افواج افغانستان میں چھپے دہشتگروں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنارہی ہے ، پاکستان افواج افغانستان میں دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہے سویلین کو ٹارگٹ نہیں کیا جا رہا ، انہوں نے کہا کہ 18 سال کے کمسن بچوں کو دہشتگری کیلئے نشے کے ٹیکے لگا کر خودکش بمبار بنایا جارہا ہے ،اسلام میں خودکش بمباروں کو حرام قرار دیا ہے ،مانہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، امید کرنی چاہیے کہ جنگ جلد ختم ہو تاکہ تیل کی قیمتیں جلد نیچے آجائیں۔