نوجوان مزدور فیکٹری کی لفٹ میں پھنس کر جاں بحق
17 سالہ سفیان کی لاش ہسپتال منتقل ، فیکٹری مالک سمیت 3 افراد زیر حراست
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)تھانہ دھلے کے علاقہ میں پنکھے بنانیوالی فیکٹری کی لفٹ میں 17سالہ مزدور پھنس کر جاں بحق ہوگیا،پولیس نے فیکٹری مالک سمیت 3 افرادکو حراست میں لے لیا۔بتایا گیا ہے کہ تھانہ دھلے کے علاقہ زاہد کالونی میں واقع پنکھے بنانیوالی فیکٹری میں 17سالہ سفیان حسب معمول کام کررہا تھا کہ اس دوران وہ سامان لیکر لفٹ کے راستے بالائی منزل پر جانے لگا تو اس دوران لفٹ میں حادثہ پیش آیا اور وہ پھنس کر جاں بحق ہوگیا ،معلوم ہوا ہے کہ سیفٹی آلات نہ ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ،فیکٹری ملازمین لفٹ بندکرنے کے بجائے باہربھاگ گئے ،تھانہ دھلے پولیس نے لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کیساتھ فیکٹری مالک سمیت 3 افراد کو حراست میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی ۔