گوجرانوالہ بورڈ نے جدید ترین ملٹی پرپز امتحانی ہال مکمل کر لیا

گوجرانوالہ بورڈ نے جدید ترین ملٹی پرپز امتحانی ہال مکمل کر لیا

21کروڑ روپے لاگت آ ئی ، بیک وقت 2ہزار طلبہ امتحان دے سکیں گے :چیئرمین

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ نے پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا جدید ترین ملٹی پرپز امتحانی ہال مکمل کر لیا ، 34 سال سے تعطل کا شکار یہ منصوبہ محض 16 ماہ کی ریکارڈ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا جس پر ابتدائی تخمینے کے برعکس نمایاں کفایت شعاری کے ساتھ 36 کروڑ روپے کے بجائے صرف 21 کروڑ روپے لاگت آئی۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ نوید حیدر شیرازی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کیلئے جگہ 1992 میں مختص کی گئی تھی تاہم کئی دہائیوں تک اس پر عملی پیش رفت نہ ہو سکی۔ موجودہ انتظامیہ نے مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے دیرینہ منصوبے کو قلیل مدت میں مکمل کر کے ایک اہم سنگ میل عبور کیا۔انہوں نے بتایا کہ جدید سہولیات سے آراستہ امتحانی ہال میں بیک وقت 2000 سے زائد طلبہ و طالبات امتحان دے سکیں گے جس سے نجی تعلیمی اداروں میں امتحانی مراکز کے قیام کی ضرورت میں نمایاں کمی آئے گی۔ ہال میں بڑی ایل ای ڈی سکرینز نصب کی گئی ہیں تاکہ امتحانی عمل کو شفاف، مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے ۔چیئرمین تعلیمی بورڈ کے مطابق یہ ہال کثیر المقاصد استعمال کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ، جہاں نہ صرف بورڈ امتحانات بلکہ دیگر امتحانی اداروں کے ٹیسٹ بھی منعقد کیے جا سکیں گے جو ضلع گوجرانوالہ کے طلبہ کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں