مریم نوازانسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی گوجرانوالہ سے متعلق اجلاس
16 ارب سے زیرتعمیر انسٹیٹیوٹ لاکھوں افراد کو سہولیات فراہم کریگا:خواجہ سلمان
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی گوجرانوالہ سے متعلق انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اراکین قومی اسمبلی محمود بشیر ورک، شاہد عثمان ابراہیم، اراکین پنجاب اسمبلی نواز چوہان، عمران خالد بٹ، سابق ایم پی ایز توفیق بٹ اور معظم رؤف مغل اورمتعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں چلڈرن ہسپتال گوجرانوالہ کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے خطاب کرتے کہا کہ گوجرانوالہ میں 16 ارب روپے لاگت سے سٹیٹ آف دی آرٹ مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی تعمیر کیا جا رہا ہے جو خطے کے لاکھوں افراد کو جدید کارڈیک سہولیات فراہم کرے گا۔ وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی بہتری کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں ۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ عظمت محمود نے اس موقع پر کہا کہ ادارے میں جدید طبی آلات، ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی اور مریض دوست سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔