پسرور:13 سال بعد 35 کروڑ کی سرکاری اراضی واگزار
اینٹی کرپشن نے 35 ایکڑ زرعی رقبہ خالی کرا لیا، قابض 11 افراد پر مقدمات
سیالکوٹ،گوجرانوالہ(نمائندہ دنیا، سٹاف رپورٹر )محکمہ اینٹی کرپشن نے پسرور میں 13 سال سے قابض 11 افراد کیخلاف مقدمات کا اندراج کرکے 35 کروڑ روپے مالیتی 35 ایکڑ سرکاری اراضی کو واگزار کروا لیا ۔یہ کاروائی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت اور ڈویژنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ امجد شہزاد کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئی ۔سیالکوٹ کی تحصیل پسرور میں 35 ایکڑ زرعی زمین پر علاقہ کے 11 افراد نے 2013 سے قبضہ کر رکھا تھا اور وہاں پر کاشتکاری کا کام کیا جا رہا تھا قبضہ سے متعلق محمود نامی شخص نے اینٹی کرپشن کو تحریری طور پر آگاہ کیا تھا جس پر سرکل آفیسر سیالکوٹ مبشر علی نے انکوائری کی اور الزام ثابت ہونے پر قبضہ مافیا 11 افراد رانا محمود،عبدالغفار، ارشد، شہباز، عباس،غلام رسول، سرور،آصف حنیف،رانا یاسین،مقبول اور نذیر کیخلاف کارروائی کرکے سرکاری زرعی اراضی کو واگزار کروا لیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن رانا شبیر اشرف نے بتایا کہ وا گزار کروائی گئی اراضی کی مارکیٹ قیمت 35 کروڑ کے الگ بھگ ہے ۔قلعہ قالر والا پولیس سٹیشن میں ملزموں کیخلاف دو مقدمات کا اندراج تھا جس پر کارروائی کی گئی۔