کنڈن سیان میں تھلریا وائرس سے درجنوں مویشی ہلاک

 کنڈن سیان میں تھلریا وائرس سے درجنوں مویشی ہلاک

لائیو سٹاک عملہ فرائض منصبی کے بجائے ذاتی کاموں میں مصروف رہنے لگا

ہیڈبمبانوالہ (نامہ نگار)کنڈن سیان میں تھلریا وائرس سے درجنوں مویشی ہلاک ،لائیو سٹاک عملہ فرائض منصبی کے بجائے ذاتی کاموں میں مصروف ہونے لگا ۔ موضع کنڈ ن سیان میں چند ہفتوں کے دوران محکمہ لائیو سٹاک عملہ کی مبینہ نا اہلی اور فرائض منصبی سے غفلت کی وجہ سے درجنوں بھیڑ بکریوں سمیت مویشی ہلاک ہو چکے ہیں جس سے مویشی مالکان کا لاکھوں کا نقصان ہو چکا ہے اس کے باوجود محکمہ لائیوسٹاک کے ذمہ داروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ ذرائع کے مطابق تصدق حسین کی4بھینسیں اور 8 چھترے ،تنویرحسین کی 5 بھینسیں اور رانا مانی کی گائے بھینس اور ایک بچھڑا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ہماری بار بار اطلاع کے باوجود لائیوسٹاک عملہ نے کوئی توجہ نہیں دی جس سے ہمارے مال مویشی یکے بعد دیگرے ہلاک ہوتے رہے ہیں۔ جب اس ضمن میں ڈپٹی ڈائر یکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر وسیم اصغرسے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ اطلاع ملنے پر انہوں نے عملہ کو متاثرہ مویشی مالکان کے ڈیروں پر بھیجا تھا جنہوں نے ضروری ادویات فراہم کی تھیں ۔متاثرہ مویشی مالکان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں