امریکہ اسلامی ممالک میں تفرقہ کی کو شش کر رہا :ڈاکٹر طارق

امریکہ اسلامی ممالک میں تفرقہ کی کو شش کر رہا :ڈاکٹر طارق

ایران، امریکہ اور اسرائیل کی کشیدگی میں ٹرمپ نے عالمی قوانین کو ملیامیٹ کر دیا

گجرات (نامہ نگار،سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ علوم فنون میں ترقی سائنس ٹیکنالوجی میں ترقی اور ایمان جذبہ جہاد شوق شہادت سے سپر طاقتوں کو شکست فاش دی جا سکتی ہے ،دنیا کا جغرافیہ تبدیل کرنے کا خواب دیکھنے والے روس نے افغانستان سے شکست کھائی، اب امریکہ اسرائیل مل کر ایران میں پسپائی کا سفر شروع کرنے جا رہے ہیں، ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ دنیا میں امن کا خواب جس کی لاٹھی اس کی بھینس، کے فلسفے سے نہیں، بلکہ عدل وانصاف، تحمل برداشت رواداری مذاکرات سے پورا ہو سکتا ہے جنگیں ہمیشہ تباہی بربادی لاتی ہیں، امریکہ اسرائیل بھارت ابلیسی اتحاد دنیا میں بد امنی پھیلانے کا سبب بن رہا ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان ترکیے ، مصر ،سعودی عرب مل کر لگی آگ کو ٹھنڈا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کی حالیہ کشیدگی میں ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام عالمی قوانین کو ملیامیٹ کر دیا ،امریکہ ہمیشہ اپنے مفادات کی جنگ لڑتا ہے اور اب وہ اسلامی ممالک کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہا کہ شہباز رجیم کو ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ملنے والے چند خوشامدانہ القابات پر کسی خوش فہمی میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے ۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ امریکی سازشوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں