موجودہ صورتحال میں امت کو اتحادکی ضرورت : حافظ عبد الکریم
پاکستان تر نوالہ نہیں ، ملکی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا: امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث
لاہور ( این این آئی)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں امت مسلمہ کو اتحاد، بصیرت اور مشترکہ حکمت عملی کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پوری قوم اپنے برادر اسلامی ملک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ حرمین شریفین کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور کسی کو بھی ان مقدس مقامات کی طرف بری نظر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی دشمن کے لیے تر نوالہ نہیں اور دشمن کو واضح پیغام دیا جا چکا ہے کہ ملک کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔اپنے بیان میں انہوں نے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر کے مؤقف کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب امت مسلمہ کے اتحاد اور امن کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جسے پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔سینیٹر حافظ عبدالکریم نے پاکستان کی خارجہ پالیسی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستان کا مصالحانہ اور ذمہ دارانہ کردار قابل تحسین ہے۔