ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے یکم جون سے قبل اقدامات کی ہدایت

ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے یکم جون سے قبل اقدامات کی ہدایت

ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122 کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریوں پر بریفنگ

گجرات (نامہ نگار،سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مون سون 2026 سے قبل حفاظتی اقدامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اے ڈی سی آر وقاص صفدر سکندری، اے ڈی سی جی صبا سحر، اے ڈی سی (فنانس اینڈ پلاننگ)ذوالفقار احمد، ڈسٹرکٹ آفیسر ایمرجنسی ریسکیو 1122 عمر اکبر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصور عباس، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر طاہر عزیز، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد اطہر سمیت مختلف محکموں کے ضلعی افسر وں نے شرکت کی۔اجلاس میں پری فلڈ انتظامات برائے مون سون 2026 کے حوالے سے جاری اقدامات، تمام ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی اور عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ پری فلڈ موک ایکسرسائز کے انعقاد اور تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122 نے اجلاس کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریوں پر بریفنگ دی جبکہ موسمیاتی صورتحال اور ویدر ایڈوائزری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں دریائے جہلم کے کنارے موضع چک سکندر کے قریب آبادیوں اور زرعی اراضی کو کٹاؤ سے بچانے کے منصوبے کی منظوری پر بھی غور کیا گیا جبکہ تحصیل کھاریاں کے گاؤں ککرالی کے قریب بھمبر نالہ کے کٹاؤ کے مسئلے پر ایکسین اریگیشن اور ایکسین اپر جہلم کنال نے بریفنگ دی اور تخمینہ لاگت پیش کیا جسے حکومتِ پنجاب کو ارسال کرنے کے لیے ڈی ڈی ایم اے نے منظوری بھی دے دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے یکم جون سے قبل پری فلڈ انتظامات مکمل کریں اور مون سون سیزن سے قبل ہر ممکن تیاری یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں