پسند نا پسند پر پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب دو دھڑوں میں تقسیم

 پسند نا پسند پر پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب دو دھڑوں میں تقسیم

تنظیم کی قیادت پرویز اشرف اور ناراض دھڑے کی قیادت ارشاد اللہ سندھو کر رہے

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)سنٹرل پنجاب میں میرٹ سے ہٹ کر پسند و نا پسند پر مبنی تنظیم سازی پرپیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ،تنظیم کی قیادت راجہ پرویز اشرف ،حسن مرتضیٰ اور ناراض دھڑے کی قیادت چودھری ارشاد اللہ سندھو کر رہے ہیں ناراض دھڑا سنٹرل پنجاب کی تنظیم کے خلاف مسلسل احتجاج کر رہا ہے پیپلزپارٹی ورکر اتحاد ایکشن کمیٹی سنٹرل پنجاب کے نام پر سنٹرل پنجاب کے تمام اضلاع میں کوآرڈی نیٹر لگا دیے گئے ہیں جو مقامی ضلع میں پیپلزپارٹی کے ناراض عہدیدار وں ،ٹکٹ ہولڈرز قومی و صوبائی اسمبلی اور کارکنوں کی نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ ارشاد اللہ سندھو پیپلزپارٹی ورکر اتحاد ایکشن کمیٹی سنٹرل پنجاب کے چیف کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے پورے پنجاب میں ناراض دھڑے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

 ان کا موقف ہے کہ پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف اور جنرل سیکرٹری کی مسلسل 4سال عدم دلچسپی کی وجہ سے پیپلزپارٹی کو سنٹرل پنجاب میں انتہائی نقصان پہنچا ، اب ان کی تنظیمی مدت پوری ہوچکی ہے تو انہوں نے جانے سے پہلے جان بوجھ کر پیپلزپارٹی کو مزید کمزور کرنے کیلئے سنٹرل پنجاب میں ڈویژن ضلع اور شہروں کی سطح پر فعال اور متحرک عہدیدارا وں کو فارغ کرکے دوستوں رشتے داروں اور ملازموں کو اہم عہدے دے کر بلاول بھٹو زرداری کو دھوکے میں رکھ کر نوٹیفکیشن کرالئے ہیں ۔ ارشاد اللہ سندھو نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹرز اور اہم عہدیدار وں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا کہ پیپلزپارٹی کے وسیع تر مفاد میں فوری طور پر سنٹرل پنجاب کی تمام تنظیمیں ختم کرکے مرکزی رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جو میرٹ پر پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی کرے ،اگر سنٹرل پنجاب کی موجودہ تنظیم کو ختم نہ کیا گیا تو پھر ہر سطح پر بلاول بھٹو زرداری کے سامنے احتجاج ریکارڈ کراتے رہیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں