علی پور : کھلے مین ہولز شہریوں کیلئے خطرہ، حادثات میں اضافہ

علی پور : کھلے مین ہولز شہریوں کیلئے خطرہ، حادثات میں اضافہ

حالیہ نصب لوہے کی جالیاں بھی دیر کارآمد ثابت نہ ہو سکیں ، شہریوں کا اظہار تشویش

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )شہر میں کھلے مین ہولز شہریوں کیلئے خطرہ، حادثات میں اضافہ ، ناقص مرمت پر سوالات اٹھ گئے ۔ شہر کی اہم شاہراہوں اور گلی محلوں میں متعدد مین ہولز بغیر ڈھکن کے کھلے پڑے ہیں جو خصوصاً رات کے اوقات میں حادثات کا با عث بن رہے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق بیسیوں موٹر سائیکل سوار اور گاڑیاں حادثات کا شکار ہو چکی ہیں جس کے باعث نہ صرف مالی نقصان بلکہ انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ کی جانب سے سیوریج مسائل کے حل کے نام پر بار بار مین ہولز کو کھولا جاتا ہے مگر مناسب اور مستقل مرمت کے بجائے عارضی اقدامات کیے جاتے ہیں، کبھی کنکریٹ ڈال کر ڈھانپ دیا جاتا ہے اور چند دن بعد دوبارہ اکھاڑ دیا جاتا ہے جبکہ حالیہ نصب کیے گئے لوہے کے جنگلے بھی زیادہ دیر کارآمد ثابت نہ ہو سکے۔ متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے اور کئی مقامات پر گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے۔

شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ناقص میٹریل کے استعمال اور بار بار مرمت کے نام پر وسائل ضائع کئے جا رہے ہیں جبکہ اس کے پیچھے مبینہ طور پر ٹھیکیداروں اور متعلقہ عملے کی ملی بھگت شامل ہو سکتی ہے ۔شہریوں نے منتخب نمائندوں کے بلند و بانگ دعوؤں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ترقی کے دعوے کیے جاتے ہیں مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں جہاں مسائل دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں۔ متاثرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کھلے مین ہولز کو محفوظ بنایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں