سادھوکے میں کوڑ ا کرکٹ کے ڈھیر، نالیوں کی عدم صفائی
ڈپٹی کمشنر کا پٹھان کالونی، سلامت پورہ اور تمبولی کادورہ ،کنٹریکٹر کو جرمانے کی ہدایت
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے علی الصبح جی ٹی روڈ، ایمن آباد، کامونکے / سادھوکے اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران تمبولی، پٹھان کالونی، سلامت پورہ اور دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی اور سیوریج کے نظام کا جائزہ لیا گیا ،مختلف مقامات پر صفائی کی ناقص صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بالخصوص سادھوکے کے علاقوں پٹھان کالونی، سلامت پورہ اور تمبولی گاؤں میں صفائی کے ناقص انتظامات، نالیوں کی عدم صفائی اور کھلے مقامات پر گندگی کے ڈھیروں کی بروقت تلفی نہ ہونے پر سخت احکامات جاری کیے کہ فوری طور پر صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کے حکام کو متعلقہ کنٹریکٹر پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کامونکے نے مضافاتی علاقوں میں جاری صفائی اور ڈیسلٹنگ آپریشنز پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے قومی شاہراہ کے اطراف صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں انہوں نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ایمن آباد ماڈل بازار کا دورہ کیا، جہاں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے زیر تعمیر گٹر کے ڈھکن فوری نصب کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔