سکولوں میں قرآنِ مجید ناظرہ و ترجمہ کیساتھ تعلیم لازمی قرار
ماہر اساتذہ کی بھرتی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں:راجہ جہانگیر انور
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈویژنل انتظامیہ کی زیرِ نگرانی پبلک سکولوں میں پہلی بار قرآنِ مجید کی ناظرہ اور ترجمہ کے ساتھ تعلیم کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے تاکہ طلبہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم بھی حاصل کر سکیں۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ ڈویژن بھر کے ڈویژنل ماڈل کالجز اور ڈویژنل پبلک سکولز و کالجز میں فوری طور پر قرآنِ مجید کی ناظرہ اور ترجمہ کے ساتھ تعلیم کو نصاب کا حصہ بنایا جا رہا ہے ۔ اس سلسلے میں ماہر اساتذہ کی بھرتی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پبلک سکولز طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ اعلیٰ خطوط پر تربیت فراہم کرنے میں ڈویژن بھر میں نمایاں مقام رکھتے ہیں، اور اب قرآنِ مجید کی ناظرہ اور ترجمہ کے ساتھ تعلیم کی فراہمی سے طلبہ کی دینی تربیت بھی بہتر ہوگی، جس سے پبلک سکولوں کی شناخت میں مزید نکھار پیدا ہوگا۔