میٹرک امتحانات کو شفاف انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت
ڈی سی مظفر گڑھ کا مراکز کا دورہ، سکیورٹی انتظامات،صفائی اور سہولتوں کا جائزہ
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شفاف اور منظم امتحانی نظام کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے میٹرک امتحانات کے سلسلہ میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کمپری ہینسو اور خورشید آباد گرلز ہائی سکول میں قائم امتحانی مراکز کا معائنہ کیا جہاں انہوں نے امتحانی کمروں، سکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ نقل کی روک تھام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور امتحانات کو شفاف انداز میں مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت نقل کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنایا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل دریافت کیے اور انہیں پرامن اور سازگار ماحول فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امتحانی مراکز کے اندر اور باہر کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔