سدھار میں نکاسی آب کا بحران شدید، گندا پانی گلیوں میں جمع
دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت نالوں کی صفائی کروائی ، جو دوبارہ بند ہو گئے
پینسرہ(نمائندہ دنیا )یونین کونسل نمبر 168 چک نمبر 67 ج ب سدھار میں نکاسی آب کی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے ، خصوصاً قبرستان روڈ پر نالوں کے بند ہونے کے باعث گندا پانی سڑک پر بہنے لگا ہے ، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔اہل علاقہ کے مطابق حال ہی میں قبرستان روڈ کے دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت نالوں کی صفائی کروائی تھی، تاہم چند ہی دنوں میں نالے دوبارہ بند ہو گئے اور صورتحال جوں کی توں برقرار رہی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ تقریباً ایک دہائی سے یہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث گلیوں اور بازاروں میں آئے روز گندا پانی جمع رہتا ہے ۔یہ صورتحال نہ صرف آمدورفت میں رکاوٹ کا باعث بن رہی ہے بلکہ تعفن اور مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا بھی سبب بن رہی ہے ۔ شہریوں کے مطابق حالیہ دنوں میں ملاں پور روڈ سدھار میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران نالوں کی صفائی کی گئی، تاہم قبرستان روڈ کو نظر انداز کر دیا گیا، جس سے وہاں مسائل مزید بڑھ گئے ۔اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور قبرستان روڈ سمیت پورے علاقے میں نکاسی آب کا مؤثر نظام قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا مستقل حل ممکن بنایا جا سکے ۔