حافظ آ باد :سپورٹس جمنازیم 2 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم

حافظ آ باد :سپورٹس جمنازیم 2 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم

صوبائی وزیر کھیل فیصل کھوکھر کا سپورٹس جمنازیم ، حنیف محمد سٹیڈیم کا دورہ

حافظ آباد (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے انقلابی اقدام کیے جا رہے ہیں۔پی سی بی کے تعاون سے ہر ضلع کی کرکٹ ٹیم بنانے جا رہے ہیں تا کہ کرکٹ کو فروغ اور نیا ٹیلنٹ سامنے آ سکے ۔صوبائی وزیر نے حافظ آباد میں 11کروڑ روپے کی لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس جمنازیم کو دو ماہ میں ہر لحاظ سے مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حافظ آباد کے دورہ کے موقع پر کیا۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نبیلہ چیمہ ، تحصیل سپورٹس آفیسر پنڈی بھٹیاں مشعل فاطمہ، ٹی ایس او فائزہ کنول، چودھری مراد بخش تارڑ بھی اس موقع پر موجو د تھے ۔ صوبائی وزیر نے حنیف محمد کرکٹ سٹیڈیم اور سپورٹس جمنازیم کا دورہ کر تے ہوئے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انکاکہنا تھا کہ سپورٹس جمنازیم میں بیڈ منٹن ، ٹیبل ٹینس، جم سمیت ان ڈور کھیلوں کی دیگر سہولیات دستیاب ہونگی ۔صوبائی وزیر کاکہنا تھا کہ حنیف محمد کرکٹ سٹیڈم کی نئے سرے سے تعمیرو مرمت ، فلڈ لائٹس کا کام بھی کیا جائیگا۔ قومی کھیل ہاکی کیلئے سٹیڈیم سے ملحقہ گورنمنٹ کالج کی گراؤنڈ میں جدید آسٹرو ٹرف گراؤنڈ بنائی جائیگی ،مقامی افراد کے لیے کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جمنازیم میں واکنگ ٹریک بھی بنایا جائیگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں