نقل مافیا کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے ،ڈپٹی کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے تعلیمی بورڈ سرگودھا کے زیر اہتمام جاری میٹرک سالانہ امتحانات کے سلسلے میں گورنمنٹ جامعہ قاسم العلوم ہائی سکول کا دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے امتحانی مرکز کے مختلف کمروں کا معائنہ کیا اور امتحانی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سکیورٹی انتظامات اور شفاف امتحانی ماحول کو یقینی بنانے کے اقدامات کا بھی بغور مشاہدہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت نقل مافیا کیخلاف کارروائی جاری رکھی جائے اور امتحانات کو مکمل طور پر شفاف بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو پرامن اور سازگار ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنے امتحانات دے سکیں۔