فینسی نمبر پلیٹس کیخلاف مہم شروع، گاڑی روکنے پر خاتون کا ہنگامہ

فینسی نمبر پلیٹس کیخلاف مہم شروع، گاڑی روکنے پر خاتون کا ہنگامہ

کلفٹن تین تلوار پر گاڑی روکنے پر اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی ،پولیس نے 20ہزار روپے کا چالان کردیا کم عمر ڈرائیور روکنے پربرہم،آس پاس کھڑے لوگوں کو گاڑی سے ٹکر مارتا ہوا سگنل توڑ کر فرار ہوگیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں فینسی، جعلی اور غیر رجسٹرڈ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔کلفٹن تین تلوار پر ٹریفک پولیس کی کارروائی کے دوران ایک خاتون نے شدید ہنگامہ آرائی کی اور اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کی۔پولیس نے قانون کی خلاف ورزی پر خاتون کی گاڑی کا 20 ہزار روپے کا بھاری چالان کر دیا۔ٹریفک پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تین تلوار پر ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو روکا گیا جس کے شیشے سیاہ تھے اور اس پر غیر قانونی ’فینسی نمبر پلیٹ‘ لگی ہوئی تھی۔دورانِ معائنہ یہ بھی انکشاف ہوا کہ نجی گاڑی ہونے کے باوجود اس پر پولیس لائٹ نصب تھی، جو کہ سراسر قانون کی خلاف ورزی ہے۔

جب پولیس اہلکاروں نے گاڑی کو روک کر کاغذات طلب کیے اور فینسی پلیٹ اتارنے کا کہا تو گاڑی میں سوار خاتون آپے سے باہر ہو گئیں اور سڑک پر ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔خاتون نے ٹریفک اہلکاروں کو دھمکیاں دیں اور کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 20 ہزار روپے کا چالان کاٹ دیا، جن میں کالے شیشوں کا استعمال ، فینسی نمبر پلیٹ اور پولیس لائٹ لگانا ہے ۔ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی پولیس لائٹ یا فینسی پلیٹس استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

حکام نے واضح کیا کہ چالان کے ساتھ ساتھ گاڑی سے غیر قانونی سامان بھی ضبط کر لیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں کلفٹن تین تلوار پرہی ٹریفک پولیس نے ایک کم عمر ڈرائیور کو روکا۔روکے جانے پر بچے نے گاڑی سے اتر کر غصہ کیا اور دوبارہ گاڑی لے کر فرار ہو گیا۔اس کے بعد کم عمر ڈرائیور آس پاس کھڑے لوگوں کو ٹکر مارتا ہوا اور سگنل توڑ کر فرار ہو گیا۔ٹریفک پولیس کی مہم کے دوران ڈی آئی جی ٹریفک بھی وہاں موجود تھے ۔ کراچی پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس، سی پی ایل سی، ڈرائیونگ لائسنگ ونگ، ایکسائز اور ضلعی پولیس نے مشترکہ کارروائیاں کی ہیں۔ پولیس کے مطابق 3 تلوار، ناظم آباد، نیوٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن میں خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ، جعلی یا فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو ضبط کیاجا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں