اقلیتوں کو ان کے حقوق دینا پیپلزپارٹی کا منشور، وزیر آبپاشی
کبھی کسی کو مایوس نہیں کیا، بلاتفریق رنگ ونسل خدمت پر یقین، جام خان شورو مقبول مسیح کی صوبائی وزیر سے ملاقات، اقلیتوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی منارٹی ونگ ضلع حیدرآباد کے نائب صدر مقبول مسیح کھوکھر نے صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو سے ملاقات کی اور انہیں اقلیتی برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے مختلف عوامی مسائل بالخصوص اقلیتی برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کا منشور اقلیتی عوام کو ان کے جائز حقوق دینا ہے اور اس پر وہ گامزن ہے، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو بلاتفریق رنگ ونسل عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، یہی وجہ ہے ہر زبان بولنے والے پیپلزپارٹی کو اپنا سمجھ کر اس میں جوق در جوق شامل ہورہے ہیں اور پیپلزپارٹی نے بھی کبھی کسی کو مایوس نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی میں اقلیتی برادری کے افراد سندھ کابینہ سے لے کر قومی اسمبلی اور سینٹ میں بھی حصہ رہے ہیں، اسی طرح پیپلزپارٹی خواتین کے حقوق کیلئے بھی کوشاں رہی ہے، شہید بینظیربھٹو کا بھی وژن تھا کہ خواتین کو ان کے برابری کے حقوق دئیے جائیں ، جس پر پیپلزپارٹی میں بڑی تعداد میں خواتین اہم عہدوں پر فائز رہی ہیں۔ اس موقع پر مقبول مسیح کھوکھر نے جام خان شورو کو یقین دلایا ہے کہ مسیحی برادری پیپلزپارٹی کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، ہم بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے پہلے بھی پیپلزپارٹی کا حصہ تھے اور اب بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔