کھلی کچہری، مسائل کے حل کی ہدایت، واٹس ایپ سہولت متعارف

کھلی کچہری، مسائل کے حل کی ہدایت، واٹس ایپ سہولت متعارف

دفاتر اور تھانوں میں کسی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کرینگے :ڈاکٹر نوید عاطف

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔ ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے ڈی پی او آفس میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے ۔ڈی پی او نے موصول ہونے والی درخواستیں متعلقہ افسران کو مارک کرتے ہوئے انہیں مقررہ وقت میں داد رسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کمپلینٹ سیل کے افسروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ درخواستوں کا باقاعدہ فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کریں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے تھانوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کی سہولت کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ حسنِ سلوک اپنایا جائے ، بلاوجہ انتظار نہ کروایا جائے اور ان کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔ ڈی پی او نے واضح کیا کہ دفاتر اور تھانوں میں کسی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں