سرکاری ہسپتالوں کی صفائی مہم ،ضلعی انتظامیہ متحرک
ڈپٹی کمشنر کی کھلی کچہری،100سے زائد درخواستوں پر احکامات صادر
ملتا ن(وقائع نگار خصوصی)ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی خدمت کے فروغ کیلئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے ، اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی صدارت میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا جہاں شہریوں کے مسائل سنے گئے اور 100سے زائد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے ، فردِ ملکیت، انتقالات، قبضہ اور دیگر ریونیو معاملات پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ شہریوں کو ریونیو سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی گئیں ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میٹرک کے امتحانات میں سہولیات کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق اور اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف میٹرک امتحانی مراکز کا دورہ کیا جہاں امتحانی عمل کا جائزہ لیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے سکیورٹی انتظامات، شفافیت اور نقل کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات کو چیک کیا ۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں بھرپور صفائی آپریشن کیا گیا، ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں نشتر ہسپتال، چلڈرن ہسپتال، کارڈیالوجی ہسپتال اور شہباز شریف ہسپتال سمیت دیگر مراکز صحت میں خصوصی صفائی مہم چلائی گئی ۔