ایران جنگ پر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر فیصلہ :ڈاکٹرطارق
اہل غزہ اور ایران نے تاریخ رقم کردی ، جاری مزاحمت میں اقوام عالم کیلئے سبق ہے
گجرات(سٹی رپورٹر، نامہ نگار)جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ ایران جنگ بارے ملک کے حکمران سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر فیصلہ کریں جنگ بندی اور ثالثی کے لئے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ ایران کی ناکامی امت مسلمہ کی ناکامی ہوگی ۔ایران میں رجیم چینج کا خواب دیکھنے والے حملہ آور امریکہ اور اسرائیل واپسی کا راستہ تلاش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل غزہ اور ایران نے تاریخ رقم کی ہے اور اس مزاحمت میں اقوام عالم کے لیے سبق ہے ۔ ٹرمپ کی خوشنودی کرنے والوں کو جان لینا چاہیے کی حقیقی کامیابی مزاحمت میں ہے ۔ ڈاکٹرطارق سلیم نے کہا کہ امریکہ پر یہودی لابی کا قبضہ ہے ۔ امریکہ اسرائیل کے ہاتھوں یرغمال بن چکا ہے ۔ایران نے اسرائیل امریکہ کے حملے کا جواب دے کر ان کے خواب خاک میں ملا دیئے ۔ انہوں نے کہاکہ1300 سی سی گاڑیوں کے سرکاری استعمال پر پابندی لگائی جائے ۔ مشکل معاشی حالات اور تیل کے بحران میں حکمران عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے اپنے اخراجات کم کریں۔پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھائے جانے اپنی ہی سمری کو مسترد کرنے کا ڈرامہ بند ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریب طبقہ سے سال بھر میں 432 ارب روپے صرف پٹرول لیوی ٹیکس کی مدد میں وصول کررہی ہے ۔