سکھیکی سے حافظ آباد کے کرایہ میں 150فیصدتک اضافہ
ضلعی انتظامیہ اور سیکرٹری روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی پر اسرار خاموشی ،مسافر پریشان
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )ویگنوں اور بسوں کے مالکان نے سکھیکی سے حافظ آباد کے کرایہ میں 150فیصدتک اضافہ کر دیا، ضلعی انتظامیہ اور سیکرٹری روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی حافظ آباد بسوں اور وویگن مالکان کے سامنے پر اسرار طور پر خاموش ہیں، مبینہ طور پر ایران، امریکہ جنگ سے قبل سکھیکی سے حافظ آباد کا33کلو میٹر فاصلے کا کرایہ 100روپے فی سواری اور سکھیکی سے کالیکی 18کلومیٹر ٖفاصلے کا کرایہ 50روپے مقرر کیا گیا تھا،جنگ شروع ہونے کے بعد پنجاب حکومت اور سیکرٹری روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی طرف سے نیاکر ایہ نامہ عام لوگوں سے خفیہ رکھاگیا ہے اور ویگنوں اور بسوں کے ڈرائیوروں اور کنڈیکٹر وں نے سکھیکی سے حافظ آباد کا کرایہ 250روپے اور سکھیکی سے کالیکی کا کرایہ 150روپے وصول کرنا شروع کر دیا ہے ، اسی طرح سکھیکی سے پنڈی بھٹیاں کا کرایہ بھی منہ مانگاوصول کیا جا رہا ہے مسافروں نے ضلعی انتظامیہ اور سیکرٹری روڈ ٹرانسپورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی پر اسرار خاموشی ختم کرکے مناسب کرایہ نامہ جاری کریں ۔