لاک ڈائون‘لوڈ شیڈنگ ‘پیرا کی بد تمیزی ، تاجروں کا احتجاج
فوری طور پر مسائل حل نہ کرنے پر احتجاجاً کاروبار بند کرنے کی دھمکی دے دی
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ،نمائندہ خصوصی )لاک ڈاؤن ،بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پیرا فورس اہلکاروں کے مبینہ توہین آمیز رویے کیخلاف تاجر برادری پھٹ پڑی، تاجروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر مسائل حل نہ کیے گئے اور اہلکاروں کی بدتمیزی بند نہ ہوئی تو وہ احتجاجاً کاروبار بند کرنے پر مجبور ہونگے ۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرول مصنوعات کی بچت کیلئے نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن اور بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبار بند ہونے پر دکانداروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف مہنگائی ٹیکسوں اور معاشی بدحالی نے کاروبار پہلے ہی تباہ کر رکھا ہے جبکہ دوسری جانب بلا جواز لاک ڈاون اور بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ،کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہنے سے بازار سنسان ہو جاتے ہیں کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں اور چھوٹے تاجر شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بازاروں میں تعینات پیرا فورس اہلکار تاجروں اور شہریوں سے توہین آمیز انداز میں بات کرتے ہیں۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہیں مگر عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔تاجر برادری نے ڈپٹی کمشنر، ایس ڈی ای او صدر پیرا فورس، گیپکو حکام اور متعلقہ افسر وں سے صورتحال کا فوری نو ٹس لیکر راست اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔