پیپلز کالونی میں کوڑے کے ڈھیر‘ ڈپٹی کمشنر کا اظہار برہمی
کنٹریکٹر کیخلاف کارروائی کے احکامات ، سیٹلائٹ ٹاؤن ماڈل مارکیٹ کا بھی دورہ
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی، تجاوزات کے خاتمے ، ترقیاتی کاموں اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے پیپلز کالونی کے وائے بلاک اور زیڈ بلاک میں گھروں سے کوڑا کرکٹ کی کولیکشن، گلیوں، بازاروں اور کوڑا پوائنٹس کی صفائی کا معائنہ کیا۔ کوڑا دا نوں کے اطراف گندگی کے ڈھیروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری صفائی کے احکامات جاری کئے اور متعلقہ کنٹریکٹر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ افسر وں فیلڈ میں موجود رہیں اور صفائی کے نظام کو مؤثر بنایا جائے جبکہ کھلے مقامات پر کچرے کے ڈھیر ہرگز برداشت نہیں کئے جائیں گے ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سیٹلائٹ ٹاؤن ماڈل مارکیٹ کا دورہ کیا جہاں خوبصورت پنجاب پروگرام کے تحت جاری اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تعمیراتی کام، ٹف ٹائلز کی تنصیب اور دکانوں کے یکساں فرنٹ ڈیزائن کا معائنہ کیا۔ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں کشمیر روڈ کا دورہ کرتے ہوئے عارضی تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں کو موقع پر تنبیہ جاری کی گئی اور فوری طور پر تجاوزات ختم کروائی گئیں۔