موسمی تبدیلی سے بارشوں کی شدت بڑھ رہی :جواد پیرزادہ
سیلابی صورتحال سے بچائو اور نکاسی آب کیلئے صحافیوں کی تجاویز اہم :اے سی وزیر آ باد
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیرآباد میں ممکنہ مون سون بارشوں اور شہری علاقوں کو سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنے کیلئے صحافیوں اور انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس، تجاویز و آرا کا تبادلہ کیاگیا ۔اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ اور ایم ڈی واسا علی حسنین باجوہ نے صحافیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں شہر کے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور بارشوں کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں تحصیلدار وزیرآباد ندیم مسعود برتھ، صدر پریس کلب افتخار بٹ، جنرل سیکرٹری ضمیر کاظمی ، میاں شہباز احمد، صوفی اشرف نثار، نعیم اشرف، کاشف محمود خان، بابو حامد منظور، وقاص خالد ہاشمی، ایوب چوہان، رانا شبیر حسین، فیصل رضا اور ملک صفدر بھی موجود تھے ۔اسسٹنٹ کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر بارشوں کی شدت اور دورانیہ میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث شہری علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل مزید پیچیدہ ہو جاتے ہیں ،صحافی برادری شہر کے ان اہم مقامات سے بخوبی آگاہ ہے جہاں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کے مسائل زیادہ سنگین ہوتے ہیں، اس لئے ان کی آرا اور تجاویز انتظامیہ کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ ایم ڈی واسا علی حسنین باجوہ نے یقین دلایا کہ مون سون سے قبل تمام ضروری اقدامات مکمل کر لئے جائیں گے تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے ۔