جامکے چٹھہ:ترقیاتی کاموں میں امتیازی برتائو پر احتجاج
پارٹی بازی کے با عث با افراد کے کام ہو رہے ،کئی گلیاں اب بھی خستہ حال:شہری
جامکے چٹھہ(نامہ نگار )جامکے چٹھہ میں ترقیاتی کاموں میں امتیازی سلوک کے با عث شہری تشویش میں مبتلا ہوگئے ۔ جامکے چٹھہ میں بیشتر گلیاں اور نکاسیٔ آب کا نظام بدستور خستہ حالی کا شکار ہے ۔ پرانی اینٹوں سے بنی گلیاں اور نالیاں سیاسی نظراندازی کا واضح ثبوت پیش کر رہی ہیں جہاں عرصہ دراز کے باوجود خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں کیا گیا۔مقامی افراد کے مطابق علاقہ پارٹی بازی کی نذر ہو چکا ہے جس کے باعث کئی گلیاں آج بھی خستہ حالی کا شکار ہیں ۔ نالیوں کا پانی گلیوں میں پھیل کر جوہڑ کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔
جس سے نہ صرف آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آتی ہیں بلکہ مچھروں اور مکھیوں کی افزائش میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جو مختلف بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ جہاں عام شہریوں کی گلیاں نظرانداز کی جا رہی ہیں، وہیں حکومتی نمائندوں اور بااثر افراد کی گلیوں کو کئی بار پختہ کیا جا چکا ہے جو ناانصافی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور بلاامتیاز تمام گلیوں اور نالیوں کی فوری مرمت اور تعمیر نو کی جائے ۔