حافظ آباد:میلے میں 8افراد کا شہری پر ڈنڈوں سے تشدد

حافظ آباد:میلے میں 8افراد کا شہری پر ڈنڈوں سے تشدد

ملزموں نے دھاک بٹھانے کیلئے سمیع اللہ پر تشدد کی ویڈیو بھی وائرل کر دی

حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا)حافظ آباد کے علاقہ سکھیکی میں میلہ شبیر شاہ کے موقع پر چودھراہٹ کے نشہ میں مست ڈنڈوں سے مسلح 8 زائد افراد نے ایک شہری کو ظالمانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے میلے کو میدان جنگ میں تبدیل کر دیا ،زائرین اور عقیدت مندوں کی دوڑیں لگ گئیں۔ حافظ آباد کے علاقہ نواں مانیکا کا رہائشی سمیع اﷲ میلے میں شرکت کیلئے گیا تو وہاں موجود ڈنڈ وں سے مسلح افراد نے اسے شدید زخمی کردیا جسے تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، اس دوران ملزموں نے اپنی دھاک بٹھانے کیلئے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل کر دی جس کا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران حمید نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تھانہ سکھیکی میں 8سے زائد ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا جس کے بعد پولیس نے 5 ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ باقی ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ڈی پی او کامران حمید نے کہا کہ جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں