خانہ بدوشوں کی جانب سے قربانی کا گوشت ہوٹلوں پر فروخت
ریفریجریٹر کی سہولت نہیں ،چند روزتک برف لگا کر گوشت محفوظ رکھتے ہیں :خانہ بدوش
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی )خانہ بدوشوں کی جانب سے عید قربان پر جمع گوشت ہوٹلوں کو فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے ، چھوٹا گوشت 1200روپے ، بڑا گوشت 600روپے کلو فروخت ہوتا ہے ، کوالٹی کے لحاظ سے قیمت کم یا زیادہ بھی ہوتی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ عالم چوک، کوٹ اسحاق، اعوان چوک اور دیگر علاقوں میں رہائش پذیر خانہ بدوش عید قربان پر گھر گھر سے جمع کیا گیا گوشت ہوٹلوں کو فروخت کرتے ہیں۔ اس حوالے سے ایک خانہ بدوش نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روزنامہ دنیا کو بتایا کہ ایک خانہ بدوش خاندان عید کے 3دنوں میں 100کلو سے زائد قربانی کا گوشت جمع کرتا ہے چونکہ ہمارے پاس بجلی کی سہولت نہ ہونے سے فریج نہیں ہوتے اس لئے ہم تین سے چار دن تک قربانی کے گوشت کو برف لگا کر خراب ہونے سے محفوظ رکھتے ہیں اور جونہی عید کی چھٹیاں ختم ہوتی ہیں ہوٹل کھل جاتے ہیں تو کوشش کی جاتی ہے کہ گوشت کو جلد ازجلد فروخت کیا جائے ۔ خانہ بدوش نے بتایا کہ عالم چوک، اعوان چوک اور خصوصاً سبزی منڈی کے اطراف ہوٹل مالکان گوشت کے خریدار ہوتے ہیں ۔خانہ بدوشوں کا کہنا تھا کہ عید قربان پر زیادہ گوشت جمع کر کے فروخت کرنا انکی روزی روٹی کا ذریعہ ہے اور انہی پیسوں سے ہم اپنی ضروریات پوری کرتے ہیں۔