بجلی کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کیخلاف راولپنڈی میں احتجاج ،ریلی
لیاقت باغ سے آئیسکو کمپلیکس مریڑ حسن تک پرامن ریلی ،زبردست نعرے بازی
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار ) ملک کے سب سے بڑے صنعتی ادارے واپڈا کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے ) کی اپیل پر بجلی کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف احتجاج کیلئے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ہزاروں ملازمین ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ کی قیادت میں سڑکوں پر نکل آئے ،راولپنڈی میں نیشنل پریس کلب لیاقت باغ سے آئیسکو کمپلیکس مریڑ حسن تک پرامن ریلی نکالی اور مری روڈ پر زبردست مظاہرہ کیا، دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے اس احتجاج میں اٹک، جہلم، چکوال، اسلام آباد اور راولپنڈی سٹی و کینٹ سرکل سمیت جی ایس او، جی ایس سی، ایم اینڈ ٹی، پی ڈی کنسٹرکشن، ریونیو، سٹور اور دیگر ڈائریکوریٹس سے ہزاروں آئیسکو ملازمین نے شرکت کی۔
مہنگائی و بیروزگاری اور پٹرولیم مصنوعات کی آسمان کو چھوتی قیمتوں کیخلاف نعرے بازی اور سینہ کوبی کر رہے تھے ،مظاہرین نے ہاتھوں میں سرخ و سیاہ جھنڈے اور کتبے اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر نجکاری کے خلاف اور ملازمین کے مطالبات کے حق میں نعرے لکھے ہوئے تھے۔ ریلی کے اختتام پر آئیسکو کمپلیکس مریڑ حسن کے سامنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی مالیاتی اداروں کی ایما پر آئیسکو جیسی بجلی کی منافع بخش کمپنیوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی جاری کارروائیوں کا سنجیدگی اور دانشمندی سے جائزہ لیں اور اس غیر دانشمندانہ عمل کا باب ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا اعلان کریں کیونکہ بجلی جیسے حساس ادارے کی نجکاری نہ ملک کے مفاد میں ہے نہ عوام کے ۔ قائدین نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ نجکاری کے خلاف ان کی یہ تحریک جاری رہے گی اور حکومت اگر اپنے عوام دشمن اور مزدور دشمن اقدام سے باز نہ آئی تو حکومتی ایوانوں کی بجلی بند کر دی جائے گی۔