راولپنڈی ریلوے سٹیشن کو تاریخی شناخت دینگے ، حنیف عباسی
سٹیشن،ملحقہ علاقوں کی اپ لفٹنگ اور خوبصورتی کے منصوبے پر کام جاری ہے
راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئر علی انجم سید نے ملاقات کی ، راولپنڈی ریلوے سٹیشن اور ملحقہ علاقوں کی اپ لفٹنگ اور خوبصورتی کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ راولپنڈی ریلوے سٹیشن کو ایک منفرد شاہانہ اور تاریخی شناخت دی جائے گی جو پاکستان کے ثقافتی ورثے کی عکاس ہوگی، سٹیشن کے اندر اور اطراف کے علاقوں کی جمالیاتی بہتری کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ، حنیف عباسی نے کہاکہ منصوبے میں پاکستان کی ثقافتی شناخت، قومی ورثے اور تاریخی روایات کو نمایاں کیا جائے گا،راولپنڈی ریلوے سٹیشن کو لاہور ریلوے سٹیشن اور اس کے گردونواح سے بھی زیادہ خوبصورت اور پرکشش بنایا جائے گا، حنیف عباسی نے کہاکہ مسافروں کو بہترین سفری سہولیات، خوبصورت ماحول اور عالمی معیار کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ریلوے انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ قومی ورثے اور تاریخی شناخت کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔