کامونکے :وارداتوں میں شہری مال و زر سے محروم
حمزہ کے گھر کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے ، زیورات اور قیمتی سامان چوری
کامونکے (نامہ نگار ) چوری کی وارداتوں میں شہری مال و زر سے محروم ہوگئے ۔ فیصل ٹاؤن کا محمد الیاس گھر کے باہر موٹر سائیکل کھڑی کرکے اندر چلا گیا تو نامعلوم چور اُس کی غیر موجودگی میں موٹر سائیکل چوری کرکے لے گئے ۔ چوک غوثیہ کے حمزہ اکرم کے گھر کے تالے توڑ کر نامعلوم چور چار لاکھ ستر ہزار روپے ، دو تولے طلائی زیورات اور قیمتی پارچات چوری کرکے لے گئے ۔ درویش پورہ کے انصر علی کے گھر سے اڑھائی لاکھ روپے ، اڑھائی تولے طلائی زیورات اور کپڑے وغیرہ چوری ہوگئے ۔ ماڈل ٹاؤن کے معیز زبیر کا موبائل فون گھر سے چوری کرلیا گیا۔ نانگرے بھٹی کے الیاس کے کھیتوں سے قیمتی سامان نامعلوم چور لے گئے ۔ بشارت ٹاؤن کے شاہد فاروق کے گھر کا بجلی میٹر چوری ہوگیا۔ موضع شادی خاں کے عثمان بشیر کی حویلی سے نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کی چار بھیڑیں لے گئے ۔ جبکہ تمبولی کے مقصود احمد کی دکان سے نامعلوم چور ہزاروں روپے مالیت کا تانبا چوری کرکے لے گئے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیے ہیں۔